اسمبلیوں کی تحلیل، عمران خان نے مشاورت کیلئے لیگل ٹیم کو طلب کر لیا


لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب اور خیبر پختون خوا اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج اپنی لیگل ٹیم کے ساتھ مشاورت کریں گے۔ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین کی ٹیم عمران خان کو ان کے مختلف کیسز سے متعلق بریف کرے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مشاورت کے دوران پی ڈی ایم رہنماؤں کی نیب کیسز میں بریت کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے معاملے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان سے پارٹی کے سینئر رہنما آج بھی زمان پارک میں ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختون خوا اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا تھا۔
لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ محمود خان کے ہمراہ ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ ہم دو اسمبلیاں قربان کرتے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے جمعے کو دونوں اسمبلیاں توڑ دیں گے، قومی اسمبلی میں اسپیکر کے سامنے جا کر کہيں گے کہ استعفے قبول کرو۔