پرینیتی چوپڑا کی شاہ رخ اور دیپیکا کی فلم کے تنازع میں کودنے کی کوشش؟


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا کی جانب سے شیئر کی گئی نئی تصویر کو انٹرنیٹ پر مداح فلم ’پٹھان‘ کے تنازع میں کودنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 34 سالہ اداکارہ نے 15 دسمبر کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ نئی فلم کے لیے نیا ہیئر کٹ۔اداکارہ کو تصویر میں زعفرانی لباس اور اسی رنگ کا جوتا پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔


پرینیتی چوپڑا نے جیسے ہی اپنی تصویر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر لگائی تو اس کے فوراً بعد انٹر نیٹ صارفین نے ان کا مذاق اڑاتے ہوئے اسے شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ سے متعلق جاری تنازع میں کودنے کی کوشش قرار دیا۔


ٹوئٹر پر اداکارہ کے اکاؤنٹ پر ایک شخص نے لکھا کہ ایسے رنگ کے جوتے پہننے پر اداکارہ کا بائیکاٹ کیا جائے۔پرینیتی چوپڑا کی پوسٹ پر ایک شخص نے مزاحیہ اور طنزیہ تصویر بھی پوسٹ کی۔


دوسری جانب بالی ووڈ فلم ’پٹھان‘ کے ایک گانے کے الفاظ اور اس میں اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے زعفرانی لباس پر تنازع شدید ہو گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس اسٹیشن میں اس حوالے سے مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔
کنگ خان کا انتہاپسندوں کو کرارا جواب
اس سے قبل فلم ’پٹھان‘ کے بائیکاٹ کا اعلان کرنے والے بھارتی انتہا پسندوں کو شاہ رخ خان نے فلمی انداز میں کرارا جواب بھی دیا تھا۔شاہ رخ خان نے گزشتہ دنوں کولکتہ انٹرنیشنل فلم فیسٹول 2022ء میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ دنیا جو کچھ بھی کر لے میں، آپ اور جتنے بھی مثبت لوگ ہیں سب کے سب زندہ ہیں۔
بھارتی انتہا پسندوں کا مؤقف
واضح رہے کہ شاہ رُخ خان کی نئی فلم پٹھان کے گیت میں ہیروئن دیپیکا پڈوکون کے زعفرانی لباس کو وجہ بنا کر بھارتی انتہا پسندوں نے فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
شاہ رخ خان کی فلم کب ریلیز ہوگی؟
یاد رہے کہ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم پٹھان میں دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی شامل ہیں اور یہ آئندہ برس 25 جنوری 2023ء کو ریلیز ہو گی۔