23 دسمبر کو 27 کلومیٹر کی حکومت گر جائیگی: بابر اعوان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ 23 دسمبر کو اسمبلیاں توڑیں گے، جس سے 27 کلو میٹر کی حکومت گر جائے گی۔اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ آج 2 مقدمات پر جوڈیشل کمپلیکس آئے، دونوں جھوٹے مقدمات تھے، ایک مقدمہ اعظم سواتی اور دوسرا عمران خان کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 10 جنوری تک توسیع ہو گئی ہے، سیلاب زدہ افراد کی امداد کے بجائے جہاز سیاسی شخصیات کے لیے اڑائے جا رہے ہیں۔بابر اعوان کا کہنا ہے کہ پراسیکیوٹر کہتے ہیں کہ بحث کرنی ہے اور بعد میں جج کے ٹرانسفر آرڈر آ جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو ڈر تھا کہ عمران خان اسلام آباد آیا تو ہمیں گھر جانا پڑے گا، یہ کہتے تھے کہ 6 ماہ میں پاکستان کو اٹھا دیں گے۔پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے جلسوں میں امدادی ٹینٹ اور کارپٹ استعمال ہو رہے ہیں، پی ڈی ایم نے معیشت، ایوان اور قانون سمیت تمام معاملات کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔