والد عجیب بیماری کا شکار تھے، رہنے کے لیے جگہ نہیں تھی ۔۔ جیکی شروف کے مشکل وقت میں سنیل شیٹی نے ان کی کس طرح مدد کی؟ بتاتے ہوئے رو پڑے


ممبئی(قدرت روزنامہ)مشہور ہوجانا بڑی بات نہیں مگر مشہور ہوکر کسی کے لیے کام آجانا، ان کی مدد کر دینا ہی اصل کامیابی اور بہترین انسان ہونے کی مثال ہے۔ ایسی ہی ایک مثال سنیل شیٹی کی صورت میں پائی جاتی ہے جب انہوں نے سینئر اداکار جیکی شروف پر برا وقت آنے پر ان کی مدد کی تھی۔
سنیل شیٹی نے صرف جیکی شروف کے لیے ہی مدد کا ہاتھ نہیں بڑھایا بلکہ انہوں نے بالی ووڈ اسٹار سلمان خان جو خود اتنے مالدار اداکار ہیں ان کی مدد کر کے بھی ایک بہترین دوست ہونے کا ثبوت دیا۔

مشہور بھارتی پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی میں سنیل شیٹی کے ساتھ جیکی شروف کو بطور مہمان مدعو کیا گیا جس دوران باتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا جس کی ویڈیو کلپ جذبات سے بھرپور تھی جو دوبارہ وائرل ہو رہی ہے۔
پروگرام کے میزبان امیتابھ بچن نے جیکی شروف اور سنیل سے سوال کیا کہ آپ دونوں کافی عرصے سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں کیسے ہوئی آپ کی دوستی؟ جس پر جیکی شروف نے جواب دیا کہ سنیل شیٹی کی ماؤ مسچیف کے نام سے کپڑوں کی دکان ہوا کرتی تھی اور جب اس کے پاس نئے کپڑے آیا کرتے تھے تو وہ مجھے دے دیتا تھا۔ اس دوران میں ماڈلنگ کر رہا تھا۔

جیکی نے بتایا کہ سنیل میرے لیے کپڑے لیے نکال کر رکھ دیتا تھا اور جب میں شوٹنگ سے واپس آتا تھا تو اس کی دکان پر بیٹھ جایا کرتا تھا جہاں ہم دوست یار باتیں کیا کرتے تھے۔ جیکی کا کہنا تھا کہ سنیل مجھے بیلٹ ، چشمے دیا کرتا تھا کہ آج تو یہ پہن۔ سنیل شیٹی کی طرف سے مجھے بے پناہ محبت ملی۔


اداکار جیکی شروف نے ایک قصہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک پکچر میری ریلیز ہوئی تھی اور ہم ان کے ہوٹل میں پہنچ جاتے تھے۔ کسی نے مجھ سے کہا کہ تمھاری فلم کی ٹکٹس اب بھی باقی ہیں تو سنیل شیٹی میرے ساتھ کاؤنٹر پر بیٹھے تھے تو اس نے کہا کہ جتنی بھی ٹکٹس بچ گئیں ہیں وہ میں ساری خرید رہا ہوں لیکن سینما لوگوں سے بھرا ہونا چاہئے۔

پھر جیکی شروف نے اپنی زندگی کا ایک تکلیف دہ لمحے کے بارے میں بتایا کہ میرے والد کو ایک ایسی بیماری لاحق ہوگئی تھی ان کے ہاتھ کی چمڑی اکھڑنے لگی تھی۔ تب میں اپنے والد کے ساتھ چھوٹے سے کمرے میں رہتا تھا اور وہاں گھر کے دیگر افراد موجود تھے۔ جیکی نے بتایا کہ تب سنیل نے میرے بیمار والد کو اپنا گھر دے دیا تھا کہ تم اپنے والد کو میرے گھر پر رکھ لو۔ میں دس پندرہ دن والد کے ساتھ سنیل کے گھر پر رہا۔

سنیل شیٹی نے جیکی شروف کے بارے میں ایک دوسرے پروگرام میں کہا کہ وہ ہمارے ہمیشہ ہیرو رہے ہیں۔ انہی سے میں نے سیکھا اور آج اس مقام تک پہنچا ہوں۔ میں دس سال کا تھا تب سے میری دوستی ان کے ساتھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیکی کی انہیں ایک بات ہمیشہ یاد رہی ہے جب وہ مجھ سے کہتے تھے کہ چھوٹے سے گھر میں معلوم ہوتا تھا کہ ماں کھانس رہی ہے اور بڑے گھر میں گئے تو انہیں معلوم ہی نہیں چلا کہ وہ اس دنیا سے چلی گئی۔ دونوں اداکار پرانے وقت کو یاد کر کے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔