فن و ثقافت شوبز

عائشہ عمر اور فیا خان بھی شنیرا اکرم کی حمایت میں بول پڑیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سماجی کارکن، سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے فیروز خان کو بیٹی کے ہمراہ سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر ٹوکا تو سوشل میڈیا پر دورانِ سفر احتیاطی تدابیر نہ اختیار کرنے کی صورت میں حادثات کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی۔

اداکارہ عائشہ عمر اور ماڈل فیا خان بھی شنیرا اکرم سے متفق نظر آئیں اور دونوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے کار حادثات کی رُوداد سناتے ہوئے سیٹ بیلٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اداکارہ عائشہ عمر نے انسٹا اسٹوری اپ ڈیٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 7 برس قبل وہ اس وقت کار حادثے کا شکار ہوئی تھیں، جب وہ گاڑی کی پچھلی سیٹ پر بغیر سیٹ بیلٹ سفر کر رہی تھیں، اس حادثے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئیں اور ان کی 4 ہڈیاں بھی ٹوٹ گئی تھیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ان کے ڈاکٹرز کے مطابق اگر انہوں نے اس وقت سیٹ بیلٹ پہنی ہوئی ہوتی تو انہیں اس قدر چوٹ نہ آتی۔

عائشہ عمر نے لکھا ہے کہ اس حادثے کے بعد سے وہ کبھی بغیر سیٹ بیلٹ سفر نہیں کرتیں اور دوسروں کو بھی یہی تلقین کرتی ہیں، کیونکہ یہ گاڑی میں سوار مسافروں کی جان بچا سکتا ہے۔اداکارہ عائشہ عمر کے بعد فیا خان بھی شنیرا اکرم کی حمایت اور سیٹ بیلٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے میدان میں آگئیں۔
فیا خان نے بھی بیٹی کے ہمراہ خود کو پیش آنے والے حادثے کو انسٹا اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 2013ء میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لاہور میں وہ اور ان کی بیٹی کار حادثے کا شکار ہو گئی تھیں۔انہوں نے بتایا ہے کہ برلن میں پیدا ہونے اور پرورش پانے کے باعث انہیں سیٹ بیلٹ پہننے کی عادت تھی اور اسی عادت نے ان کی اور اہلِ خانہ کی زندگی کو محفوظ رکھا۔


فیا خان نے مزید لکھا ہے کہ ان کی کار حادثے میں کئی بار الٹی ہونے کے بعد سڑک کی دوسری جانب جا گری تھی، اس دوران اگر انہوں نے سیٹ بیلٹ نہ پہنی ہوتی تو وہ اور ان کی بیٹی ونڈ اسکرین سے باہر ہوتیں اور شاید پل سے نیچے جا گرتیں۔
انہوں نے شنیرا اکرم اور عائشہ عمر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس سنگین مسئلے پر آواز بلند کی۔بعدازاں شنیرا اکرم نے بھی بذریعہ انسٹا اسٹوری ان کی حمایت میں آگے آنے اور سیٹ بیلٹ کی اہمیت اُجاگر کرنے پر عائشہ عمر اور فیا خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

متعلقہ خبریں