بلاول کے سر کی قیمت لگانے پر شیری رحمان کا بی جے پی کو کرارا جواب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سر کی قیمت لگانے پر پارٹی رہنما شیری رحمان نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو اسی کی زبان میں کرارا جواب دے دیا۔ واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے انتہا پسند ونگ نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے ان کے سر کی قیمت مقرر کردی تھی۔
اس کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سنا ہے مودی کی پارٹی نے میرے سر کی قیمت 2 کروڑ روپے مقرر کی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میں نے بھارتی وزیرِ اعظم سے متعلق تاریخی حقیقت دہرائی ہے۔‘
تاہم اب نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھی بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنما کے اعلان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں کرارا جواب بھی دے دیا۔ اپنے بیان میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے سر پر انعام کا اعلان کرنے پر بی جے پی رہنما کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتہا پسندی کے ایسے اعلانات صرف دہشتگرد کرتے ہیں جو بی جے پی کے رہنما کر رہے ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ یہ بی جے پی کی انتہا پسند سوچ کی واضح مثال ہے، پیپلز پارٹی مودی اور بی جے پی کی انتہا پسند سوچ سے ہمیشہ پردہ اٹھاتی رہے گی۔پی پی رہنما نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کے سامنے ایک تاریخی حقیقت بیان کی ہے، مودی گجرات کا نہیں مقبوضہ کشمیر کا بھی قصائی ہے۔