پرویزالہی 4 بجے کے بعد وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے، رانا ثناء


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پرویز الہی 4 بجے کے بعد وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن 4 بجے کے بعد نیا ڈیکلیریشن جاری کر دیں گے ۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گورنر پنجاب، وزیر اعظم کو درخواست بھی کرسکتےہیں کہ گورنر راج لگا دیا جائے۔عمران خان کی مبینہ آڈیو لیک کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی جو آڈیو ہے یہ حقیقت ہے، عمران خان کی ویڈیوبھی موجودہیں جوآڈیومیں ہےوہ ویڈیومیں ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے پر تنازع پیدا ہوگیا تھا، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے گورنر کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے آج 21 دسمبر کو اسمبلی کا اجلاس بلانے سے انکار کردیا تھا۔اسپیکر نے گورنر کے طلب کردہ اجلاس کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اجلاس پہلے ہی جاری ہے، گورنر کے طلب کردہ اجلاس کو درست نہیں سمجھتا، ایک اجلاس چل رہا ہو تو نیا اجلاس نہیں بلایا جا سکتا۔