مسجد الحرام میں موجود عمرہ زائرین پر ابرِ رحمت برس پڑا

مکہ مکرمہ (قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں ایک بار پھر خوب بارش ہوئی ہے۔ اللہ کی یہ رحمت مکہ مکرمہ میں بھی خوب گرج چمک کے ساتھ نازل ہوئی۔ جس سے مکہ کا گرم موسم خوشگوار ہو گیا اور مسجد الحرام میں اللہ کے گھر کو آئے زائرین بھی خوشی سے نہال ہو گئے۔ مسجد الحرام میں عمرہ زائرین نے بارش کے دوران ہی طواف کیااور دیگر مناسک بھی ادا کیے۔
کئی افراد برستی بارش میں سجدہ ریز ہو گئے اور کچھ دعاؤں میں بھی مصرف نظر آئے۔سعودی میڈیا کے مطابق مسجد الحرم اوردیگر مشاعر مقدمہ میں گزشتہ روز جمعرات کو موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ ان خوبصورت مناظر کی کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔مکہ مکرمہ میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیاجبکہ مشاعر مقدسہ میں مزید بارش کا بھی امکان ہے۔

عمرہ زائرین نے بارش کے دوران ہی نماز بھی ادا کی۔اس موقع پر نمازیوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔خانہ کعبہ پر برستی باران رحمت کی تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں۔صارفین سوشل میڈیا پر ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہر مسلمان کو یہاں آنے کی سعادت نصیب فرمائے۔وائرل ہونے والے ان مناظر سے روحانی تسکین کی کیفیات کو صاف دیکھا جا سکتا ہے۔
بارش کے دوران بھی بیت اللہ کے مطاف میں بارش کے دوران نمازیوں اور معتمرین نے عبادت کا سلسلہ جاری رکھا۔ان تصاویر میں کوئی فرزند توحید سجدے میں ہے تو کوئی قیام میں ہے اور کوئی رکوع کر رہا ہے۔ خواتین، مرد نمازی اور معتمرین اس گرمی کے موسم میں بارش کی صورت میں اپنے مالک کی اس کرم نوازی پر اس کا ڈھیر شکریہ ادا کرتے رہے۔ کیونکہ حالیہ بارشوں سے مکہ میں گرمی خاصی کم ہو گئی ہے۔


ایک طرف تو زائرین اور نمازی موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے تو دوسری جانب انتظامیہ کے رضا کاروں نے صحن کو صاف اورخشک رکھنے کے لیے مسلسل اپنا کام جاری رکھا۔حرم مکی کے صحن کو خشک رکھنے اور پانی ہٹانے کے لیے 470 آلات اور مشینوں کا بھی استعمال کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش سے مکہ کے مشرقی علاقوں کا موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا ہے۔ بارش کے تھمنے کے بعد بھی مطلع ابر آلود ہیں جس سے یہ امکان ہے کہ آج بھی بارش ہو سکتی ہے۔ کئی علاقوں میں بارش کے بعد کئی فٹ پانی بھی کھڑا ہو گیا ہے۔ محکمہ شہری دفاع نے وارننگ جاری کی ہے کہ لوگ نشیبی علاقوں اور وادیوں کا رُخ نہ کریں کیونکہ وہاں پر طغیانی کی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔