پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب جانے کی کوشش میں افغان باشندے گرفتار


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب جانے کی کوشش میں کراچی ایئر پورٹ پر 3 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے امیگریشن ڈپارٹمنٹ نے پاکستانی پاسپورٹ پر کراچی ایئر پورٹ سے سعودی عرب جانے کی کوشش کرنے والے 3 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 3 افغان مسافروں کو آف لوڈ کیا، جنہوں نے پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب جانے کی کوشش کی تھی۔


ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافروں کے موبائل فونز سے افغان شناختی کارڈ اور پاسپورٹس برآمد کیے گئے ہیں، گرفتار ملزمان میں حمید اللّٰہ، سید اللّٰہ اور محمد سلیم شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔