کراچی، کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے 15 مزدور جھلس کر جاں بحق


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے 15 مزدور موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری میں مختلف اشیاء کے بنانے میں استعمال ہونے والا کیمیکل موجود تھا، آگ کیمیکل کے ڈرم میں لگی اور آگ پھیلتی گئی۔
آگ کی شدت سے عمارت کے کچھ حصے گرنے لگ گئے ہیں، فائربریگیڈ کے مطابق امدادی کارروائی کے دوران 2 ریسکیو اہلکار زخمی ہوئے ،ایک اہلکار فیکٹری کی دوسری منزل سے گر کر زخمی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری کی تمام کھڑکیاں گِرل لگا کر بند کی گئی تھیں، کمروں میں کھڑکیوں کے ساتھ سامان رکھ دیا گیا تھا تاکہ کوئی کھڑکی تک نہ آسکے، بظاہر ان اقدامات کا مقصد فیکٹری میں چوری کا روکنا معلوم ہوتا ہے۔
کے ڈی اے حکام کے مطابق کورنگی مہران ٹاؤن میں کیمیکل فیکٹری رہائشی پلاٹ پر ہے، کورنگی مہران ٹاؤن میں رہائشی پلاٹ نمبر C-40 پر فیکٹری قائم ہے، رہائشی پلاٹ پر کمرشل اور انڈسٹریل تعمیرات نہیں کی جا سکتیں۔
کے ڈی اے حکام کے مطابق مہران ٹاؤن سوسائٹی بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے قائم کی گئی تھی۔پولیس حکام کے مطابق فیکٹری عملہ کے مطابق اندر پچیس کے قریب لوگ موجود تھے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بیس سے زائد ہونے کا امکان ہے۔ آگ سے اندر کسی کے زندہ بچ جانے کے امکانات انتہائی معدوم ہیں، کوئی معجزہ ہی شاید کسی کو بچا سکے گا۔چیف فائر آفیسر مبین احمد نے جیونیوز سے گفتگو میں کہا کہ چھت پر تالے کے لگے ہونے کے باعث مزدوروں کو چھت یا نیچے جانے میں مشکلات ہوئیں۔مبین احمد نے کہا کہ 13 فائر ٹینڈر اور ایک اسنارکل آگ بجھانے کے لیے کام کررہے ہیں، ریسکیو کی گاڑی اور واٹر بورڈ کا ٹینکر بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ فیکٹری میں داخلہ کا راستہ صرف ایک ہی ہے ، فیکٹری کی چھت کے راستے پر بھی لگا ہوا تھا، مزدوروں کو چھت یا نیچے جانے میں مشکلات ہوئی تھیں۔چیف فائر آفیسر کے مطابق لوگوں کی لاشیں اور زخمی ڈھونڈ رہے ہیں، آگ کو کنٹرول کرلیا گیا ہے اس وقت فیکٹری میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔