شاہ رخ خان نے فلم’پٹھان‘ میں کام کا فیصلہ کیوں کیا؟


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنے فلمی کیریئر کے آغاز سے لے کر اب تک تمام رومانوی فلموں میں کام کرنے کے بعد ایکشن سے بھرپور فلم ’پٹھان‘ کا انتخاب کرنے کی وجہ بتا دی۔شاہ رخ خان کو ’بھارتی فلم نگری اور رومانس کے بادشاہ‘ کے طور پر جانا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے اپنے 30 سالہ فلمی کیریئر میں کچھ بہت شاندار رومانوی فلموں میں کام کیا ہے، جن میں ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’دل تو پاگل ہے‘، ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’دل والے‘ اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔
آج کل اداکار اپنی فلم ’پٹھان‘ کے پروموشن میں مصروف ہیں جو ان کے فلمی کیریئر کی پچھلی فلموں سے بالکل مختلف ایک ایکشن، تھرل اور سسپینس سے بھرپور فلم ہے۔شاہ رخ خان نے اس ایکشن فلم میں کام کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب سے میں فلم انڈسٹری میں آیا ہوں، ایکشن فلم کرنے کی میری بڑی خواہش تھی۔ جب میں نے اور آدتیہ چوپڑا نےساتھ کام شروع کیا تو اُنہوں نے میرے لیے ایکشن فلم لکھی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں رومانوی فلمیں کروں گا لیکن ایک دن آدتیہ چوپڑا میرے پاس آئے اور مجھ سے کہا کہ کیا ہم ایکشن کی بجائے کوئی رومانوی فلم بناسکتے ہیں کیونکہ وہ ان کے پاس ایک محبت بھری کہانی تھی، جس پر وہ فلم’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ بنانا چاہتے تھے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ سالوں پہلے کی بات ہے لہٰذا، اس بار جب انہوں نے مجھ سے فلم ’پٹھان‘ کے بارے میں بات کی تو اس وقت کورونا وائرس کی وباء پھیلی ہوئی تھی اور ہمیں صرف کچھ ٹائم کے لیے شوٹنگ کی اجازت ملی تو اس سے پہلے کہ آدتیہ چوپڑا پھر سے اپنا ارادہ بدلتے میں نے اپنی ٹیم سے فوراً کام کا آغاز کرنے کو کہا۔
شاہ رخ خان نے بتایا کہ میں نے ورزش شروع کی، اپنے جسم کو فلم میں اپنے کردار کے مطابق ڈھالنے کے لیے بہت محنت کی، مجھے اتنا پرجوش دیکھ کر آدتیہ نے مجھ سے پرسکون رہنے کو کہا اور بتایا کہ وہ مجھ سے فلم میں بہت زیادہ سخت انداز نہیں چاہتے۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی ایکشن سے بھرپور فلم ’پٹھان‘ کے ذریعے بڑی اسکرین پر 4 سال بعد واپسی ہو رہی ہے۔