مردہ عورت11سال بعد گھر واپس، اہلخانہ خوشی سے رونے لگے،حیران کن واقعے کہاں پیش آیا؟جانیں


نئی دہلی (قدرت روزنامہ)بھارت میں مردہ قرار دی جانے والی خاتون اچانک گھر لوٹ آئی جسے دیکھ کر گھر والے حیران رہ گئے، خاتون کی آخری رسومات بھی ادا کردی گئی تھیں۔بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں ذہنی طور پر متاثرہ لاپتہ شادی شدہ خاتون جس کو مردہ سمجھ کر اہل خانہ نے کسی دوسری خاتون کی لاش کی آخری رسومات انجام دی تھیں وہ گھر واپس آگئی۔48سالہ خاتون لکشمی کی تین بیٹیاں ہیں اور اس کا شوہر ملازمت کے لئے خلیجی ملک گیا ہوا تھا۔11سال قبل ذہنی توازن درست نہ ہونے کی وجہ سے وہ لاپتہ ہوگئی تھی جس کے بعد اس کے خاندان والوں نے کافی تلاش کیا تھا تاہم اس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔دو سال بعد نظام آباد ضلع کے کوناپور جنگلاتی علاقہ میں ایک خاتون کی لاش مسخ شدہ حالت میں پائی گئی۔ اس خاتون کی لاش کو لکشمی کی لاش سمجھ کر اس کے خاندان والوں نے اس کی آخری رسومات ادا کر دیں۔اسی دوران گھر سے لاپتہ لکشمی تامل ناڈو کے پیرمبور پہنچ گئی جہاں ایک تنظیم نے اس کا علاج کروایا اور وہ صحت مند ہوگئی۔ بعد ازاں اس تنظیم کے ذمہ داروں نے خاتون سے اس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کیں اور اس کے رشتہ داروں سے رابطہ کیا۔جس کے بعد اس کے اہل خانہ اور بیٹیاں فوری طور پر وہاں پہنچے خاتون کی بیٹیاں اپنی ماں لکشمی کو زندہ دیکھ کر اس سے ساختہ لپٹ کر رونے لگیں۔