پی ٹی آئی کا ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی چیلنج کرنے کا اعلان


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔کراچی میں سیف الرحمن اور فردوس شمیم نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلال غفار نے کہا کہ سیاسی پارٹی کے ایڈمنسٹریٹر کو کیوں ہٹایا نہیں جا رہا ہے، ہم پیرکو سندھ ہائی کورٹ میں ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کو چیلنج کریں گے۔
بلال غفار کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد کے لوگ نکلے تو کوئی انتخابی عملہ نہیں تھا، ہمیں خدشہ ہے کراچی کے بلدیاتی انتخابات روکنے کی کوشش ہو گی، انہیں پتہ ہے کی اس بار کراچی کا میئر پی ٹی آئی سے آئے گا۔پی ٹی آئی رہنما بلال غفار نے کہا کہ مطالبہ کرتے ہیں کہ جو اعلان کیا گیا ہے بلدیاتی الیکشن اسی وقت ہوں۔
اس موقع پر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہوئے تو عام انتخابات اپریل میں ہو جائیں گے، یہ بات واضح ہے کہ الیکشن کمیشن جانبدار ادارہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جب سے اتحادی بنی بلدیاتی بل کا ایک بھی اجلاس نہیں ہوا، اب تو مسلم لیگ ن بھی مان گئی کہ میئر کا انتخاب براہ راست ضروری ہے۔
فردوس شمیم کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی پی پی اور ایم کیو ایم والے مل گئے ہیں، کراچی والے سن لیں یہ جب ملیں گے، آگ دوبارہ لگے گی اور بھتے کا نظام شروع ہو گا۔