ملک انتہائی نازک موڑ پر، 120 دن اہم ہیں: شیخ رشید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ، سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک انتہائی نازک موڑ پر ہے، 120 دن اہم ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے درست کہا ہے کہ معیشت اور دہشت گردی پر قومی اتفاقِ رائےضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام کیسے آ سکتا ہے، سیاسی عدم استحکام معاشی زوال اور قومی سلامتی تک پہنچ گیا ہے۔


شیخ رشید کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان، عوام، فوج اور جمہوریت لازم و ملزوم ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا ہے کہ استحکام انتخاب لائے گا جو فوج کروا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں مختلف کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا تھا کہ پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، معیشت اور دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتفاقِ رائے کی ضرورت ہے۔