شہباز شریف اپنے نہیں عوام کے کپڑے بیچنے کی بات کر رہے تھے: فواد چوہدری کا طنز
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا طنزیہ انداز میں کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنے نہیں عوام کے کپڑے بیچنے کی بات کر رہے تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال وعدہ کیا تھا کہ وہ کپڑے بیچ کر آٹا سستا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب آ کر پتہ چلا کہ شہباز شریف عوام کے کپڑوں کا کہہ رہے تھے۔
چجھکے سال شہباز شریف نے وعدہ کیا کہ میں کپڑے بیچ کر آٹا سستا کروں گا ہم لوگ سمجھے اپنے کپڑے بیچنے کی بات کر رہے ہیں اب آکر پتا چلا وہ عوام کے کپڑے کہ رہے تھے ، اگر یہ آٹھ ماہ اور رہ گئے تو عوام کے تن پر بنیان بھی نہیں رہنے دیں گے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 1, 2023
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر یہ مزید 8 ماہ اور رہ گئے تو عوام کے تن پر بنیان بھی نہیں رہنے دیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شانگلہ کے علاقے بشام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر عوام کو سستا آٹا نہیں ملا تو میں اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو آٹا مہیا کروں گا۔
انہوں نے ملک میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ آٹے کی جتنی قیمت آئندہ 2 دنوں میں پنجاب میں ہو گی اتنی ہی خیبر پختونخوا میں بھی ہو گی۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ میں وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سے یہ درخواست کروں گا کہ صوبے میں عوام کو اتنی ہی قیمت میں آٹا مہیا کریں جتنی پنجاب میں ہے، اگر ایسا نہیں کرتے تو میں اپنے کپڑے بیچوں گا اور عوام کو آٹا مہیا کروں گا۔