محب مرزا نے دوسری شادی کی تصدیق کر دی


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار محب مرزا نے اپنی دوسری شادی کی تصدیق کر دی ہے۔محب مرزا نے حال ہی میں ’جیو نیوز‘ کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں میزبان تابش ہاشمی کے ایک سوال کے جواب میں اداکار سچ زبان پر لے آئے۔
اُنہوں نے کہا کہ جی میری شادی ہو چکی ہے، شکر الحمدلِلّٰہ زندگی میں اکیلا نہیں ہوں۔یاد رہے کہ اکتوبر 2019ء میں آمنہ شیخ اور محب مرزا کے درمیان شادی کے 14 سال بعد علیحدگی ہو گئی تھی، اس جوڑے کی ایک بیٹی بھی ہے۔
اداکار کی سابقہ اہلیہ، اداکارہ آمنہ شیخ نے اگست 2020ء میں دوسری شادی کی تصدیق کی تھی اور دوسری شادی کے بعد ان کے ہاں ستمبر 2021ء میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔دوسری جانب گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر محب مرزا کا نام صنم سعید سے جوڑا جا رہا تھا۔
واضح رہے کہ اداکارہ صنم سعید نے 2015ء میں اپنے دوست فرحان حسن سے شادی کی تھی جس کے بعد انہوں نے پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن کچھ ذاتی اختلافات کے باعث دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔