ریکو ڈک معاہدہ موجودہ صوبائی حکومت کی نہایت اہم اور ایک بڑی کامیابی ہے،ترجمان حکومت بلوچستان


کوئٹہ(یو این اے)ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے صوبائی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کو صوبے کی ترقی اور مفاد میں سنگ میل کی حیثیت کردار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریکو ڈک معاہدہ موجودہ صوبائی حکومت کی نہایت اہم اور ایک بڑی کامیابی ہے جس پر رواں سال 14 اگست سے کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر عالمی عدالت میں ہم کیس ہار چکے تھے لیکن وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو مشکل حالات کے باوجود صوبے کے عوام کے لیے کھڑے رہے اور بلوچستان کے مفاد کا تحفظ یقینی بنایا۔
اس حوالے سے صوبے کی تمام لیڈر شپ کو مطمئن اور اعتماد میں لیکر ایک بہترین فیصلہ اور معاہدہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کے طے شدہ 10 فیصد حصے کو بڑھا کر 25 فیصد کردیا گیاہے جبکہ آئندہ صوبے میں سرمایہ کاری کے ایسے منصوبوں پر75 فیصد حصے کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک معاہدے کے حوالے سے تمام معاملات کو میرٹ کے مطابق تمام فریقین کو اعتماد میں لیکر طے کر لیا گیا ہے
انہوں نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں میں مشکل حالات کا سامنا رہا کیونکہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے پورا صوبہ متاثر ہے اس موقع پر صوبائی حکومت بارش متاثرین کی امداد کے ساتھ ساتھ انکی دوبارہ بحالی اور نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ،پی ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کی بروقت اور موثر ریسکیو آپریشن اور امدادی کاروائیوں سے حالات پر موثر طریقے سے قابو پالیا گیا ہے جبکہ بارش کے متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کرکے متاثرین کو علاج ومعالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کررہے ہیں۔