بادشاہوں کی طرح دکانیں بند کرنے کا فیصلہ صادر نہ کیا جائے، وسیم اختر
کراچی (قدرت روزنامہ)رہنما ایم کیو ایم وسیم اختر کا کہنا ہے کہ بادشاہوں کی طرح دکانیں بند کرنے کا فیصلہ صادر نہ کیا جائے، کراچی ملک چلاتا ہے، کراچی کے اسٹیک ہولڈرز سے مل کر فیصلہ کریں۔جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ بند کمرے میں کیے گئے فیصلےکی مخالفت ہوگی۔
پروگرام میں لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر کاشف انور نے بات کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے میں تاجروں کے نمائںدوں سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے توانائی بچت پلان کے نفاذ کی منظوری دیدی ہے جو فی الفور پاکستان بھر میں نافذ العمل ہوگا جسکے تحت ملک بھر میں تمام شادی ہال رات 10بجے اور مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند ہو جائینگی۔
کابینہ نے اس بچت پلان کی منظوری منگل کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں دی۔بچت پلان میں ہوٹلز رات 10 بجے تک بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ شادی ہال، ریستوران، مارکیٹوں کے اوقات کار کی پابندی سے 62 ارب روپے کی بچت ہوگی۔