حکومت اور اتحادی دست و گریبان نہیں ہیں، خواجہ سعد رفیق
لاہور (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت اور اتحادی دست و گریبان نہیں ہیں، کراچی میں بلدیاتی الیکشنز پر اختلاف رائے ہے، دعا کریں انتخابات وقت پر ہو جائیں۔ماڈل ٹاؤن لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جھوٹ کا جواب دیتے دیتے ہم تھک گئے، ان کی بس نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں الیکشن وقت پر ہوں تو ملک میں سیاسی استحکام پیدا کریں، ہمیں خوامخواہ تنگ کیا جا رہا ہے، کام کریں اور کام کرنے دیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پہلے ڈس انفارمیشن پھیلائی گئی کہ روز ویلٹ ہوٹل بیچا جا رہا ہے، چند دن بعد 3 ایئر پورٹس کی نجکاری سے متعلق غلط خبر چلادی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ 3 ایئر پورٹس کی آپریشنل مدت کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے، ہمارے ایئرپورٹ انشااللّٰہ ہمارے پاس ہی رہیں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ آپریشنز کو آؤٹ سورس کرنا نجکاری نہیں ہے، پوری دنیا میں ایئر پورٹس کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غلط خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سائبر کرائم کے تحت مقدمات قائم کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ توانائی بحران سے بچنے کے لیے صرف اپنی عادتیں بدلنے کی ضرورت ہے، صبح جلدی اٹھنے کی کوشش کریں تو بہت کچھ ہو سکتا ہے۔