پاکستان

اعظم سواتی کا رہائی کے بعد پہلا ٹوئٹ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم سواتی نے رہائی کے بعد پہلا ٹوئٹ کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں اعظم سواتی نے کہا کہ میں سب سے پہلے اللّٰہ تعالیٰ کا پھر اپنے ملک کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والوں، قانون کی حکمرانی چاہنے والوں اور خاص کر عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی دعاؤں، نیک خواہشات نے مجھے حوصلہ دیا اور ظلم کے آگے نہیں جھکنے دیا۔


انہوں نے کہا کہ میرے ملک کے لوگوں آج ملک کا ہر ادارہ تباہ کر دیا گیا ہے، یقین نہیں آتا تو سوچو آپ کی آنکھوں کے سامنے رجیم چینج، 11 ہزار ارب کا این آر او 2، ارشد شریف کا قتل، عمران خان پر قاتلانہ حملہ اور مجھ پر مظالم صرف 8 ماہ کی تفصیل ہے۔
سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ اس لیے میں تمام وکلاء برادری، بار کونسلز، بار ایسوسی ایشنز اور ہر پڑھے لکھے طبقے و سول سوسائٹی سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔


پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ان گھمبیر حالات میں ہمارے لیےایک ہی راستہ ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کی نصرت سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہو کر حقیقی آزادی کےلیے جدوجہد کریں تاکہ ہمارا ملک معاشی، معاشرتی، اخلاقی اور دینی طور پر قانون کی حکمرانی کے تابع آزاد اور خوشحال ہو سکے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس لیے آؤ ہم عہد کریں کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بچانے کے لیے محض زبانی تقریروں، جلسوں اور ریلیوں سے آگے بڑھ کر اپنے لیڈر عمران خان کی طرح حقیقی آزادی کے لیے عملی قربانی دیں گے۔

متعلقہ خبریں