عمران خان وزیر آباد حملے کی کہانی الجھانا چاہتے ہیں، وزیر داخلہ
لاہور(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان وزیر آباد حملے کی کہانی الجھانا چاہتے ہیں اور عمران خان کو فائر نہیں لگا بلکہ ڈرامہ کر رہا ہے۔لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ملزم نوید کے آگے پیچھے کوئی نہیں، یہ جتنی مرضی تحقیقات کر لیں لیکن دوسرا یا تیسرا ملزم کیس میں نہیں ڈال سکتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پورا توشہ خانہ بیچ دیا جبکہ عمران خان کی پالیسیوں سے ملک معاشی بحران کا شکار ہوا، مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کی مہم ملک دشمنی پر مبنی ہے، اگر فتنے کو موقع ملا تو یہ قوم کو حادثے سے دوچار کر دے گا اس لیے عوام کو فتنے کا ووٹ کے ذریعے جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی میں ملوث کسی بھی فرد یا تنظیم سے مذاکرات نہیں٘ ہوں گے، افغان حکومت سے کہا جائے گا کہ وہ اپنی سرزمین دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے کا وعدہ پورا کریں اور نیشل سیکیورٹی میٹنگ میں بھی یہی فیصلہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے الزام لگایا تھا کہ وزیرآباد میں عمران خان پر حملہ مکمل منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، اب وفاق تفتیش پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔