عمران خان میری بات مائنڈ نہیں کرتے کیونکہ بعد میں وہ درست نکل آتی ہے، پرویز الہٰی


لاہور (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ عمران خان سچا، کھرا آدمی ہے لیکن جہاں غلط بات ہو میں ان کے سامنے اس کا اظہار کر دیتا ہوں، عمران خان میری بات مائنڈ نہیں کرتے کیونکہ بعد میں وہ درست نکل آتی ہے۔
یونیورسٹی آف گجرات کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان نہ ڈرنے نہ جھکنے نہ بکنے والے لیڈر ہیں، شہباز شریف نے زندگی میں جتنےجھوٹ بولے آپ کی سوچ ہے، ن لیگ یہاں سے باہر ڈالر لے کر جاتی ہے اور وہاں سے اسحاق ’ڈالر‘ لے آتی ہے، ن لیگ نے میرے خلاف پروپیگنڈا شروع کیا کہ پیسے کہاں سے آئیں گے؟
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جو عمران خان نے فیصلے کیے تھے اس میں کوئی کمی نہیں تھی، بی اے تک تعلیم مفت کا اعلان کر رکھا ہے، ہمارا مقصد عام اور غریب آدمی کو ہر سہولت فراہم کرنا ہے، عمران خان نے سب سے زیادہ بہتر کام ہیلتھ سیکٹر میں کیا ہیلتھ کارڈ، احساس کارڈ ثبوت ہیں، وفاقی حکومت مہنگائی کا طوفان لے کر آئی جو تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ گجرات اب ضلع نہیں رہا ڈویژن بنا دیا ہے، گجرات کو ایسا کردیں گے کہ کسی کو باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، عزیز بھٹی اسپتال میں علاج کیلئے مہنگی مشینیں لگا رہے ہیں، لاہور کی طرح گجرات میں بھی ون ونڈو آپریشن ہوگا، منڈی بہاء الدین، حافظ آباد کو بھی ترقی دے رہے ہیں۔
پرویز الہٰی نے یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کیلئے61 کروڑ دینے کا اعلان کیا، جبکہ یونیورسٹی کے 158 طلباء و طالبات میں گولڈ میڈل، 2 ہزار طلبہ میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔