کراچی (قدرت روزنامہ)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سربراہ مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد سے ملاقات کی، گورنر نے کہا کہ اختلافات ختم کروانے کے مشن پر ہوں، آفاق احمد کا کہنا تھا کہ اسٹیک ہولڈرز ساتھ بیٹھے تو میں بھی ساتھ ہوں . ذرائع کے مطابق ملاقات میں کراچی کی سیاسی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا .
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں امن و امان سمیت دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی . اس موقع پر گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ اختلافات ختم کروا کے لوگوں کو باہم جوڑنے کے مشن پر ہوں . ان کا کہنا تھا کہ شہر قائد کے باسی ہم سب کی جانب دیکھ رہے ہیں، کراچی سب کا دوست ہے، اس کا کوئی دوست دکھائی نہیں دے رہا .
انہوں نے مزید کہا کہ مسائل حل کرنے کوئی نہیں آئے گا، ہمیں خود کام کرنا ہوگا . ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز کو ایک جگہ پر بٹھائیں گے، آفاق احمد، خالد مقبول، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کو ساتھ بٹھائیں گے .
مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے کہا کہ گورنر کی اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ شہر سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے متاثر ہوا . انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ میرے پاس آئے اور خواہش کا اظہار کیا کہ سب ایک ہوجائیں . آفاق احمد نے مزید کہا کہ اسٹیک ہولڈرز بیٹھتے ہیں اور مشترکہ اعلامیہ آتا ہے تو میں ساتھ ہوں .