پاکستان

دینی مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے پر غیراعلانیہ پابندی ختم کرنےکا فیصلہ


اسلا م آباد(قدرت روزنامہ) حکومت نے دینی مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے پر غیر اعلانیہ پابندی ختم کرنےکا فیصلہ کرلیا۔وزیراعظم شہبازشریف سے اتحادِ تنظیماتِ مدارس کے وفد نے ملاقات کی جس میں مولانا فضل الرحمان، مفتی تقی عثمانی،مولانا حنیف جالندھری، مفتی منیب الرحمان، صاحبزادہ عبدالمصطفیٰ ہزاروی، پروفیسر ساجد میر، مولانا عبدالکبیرآزاد، مولانا فضل رحیم اشرفی اور دیگر علما شریک تھے۔
وفد نے وزیراعظم کو مدارس کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کا طریقہ کارمزید سہل کرنے میں مدد دیں گے، مدارس میں جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم کی فراہمی میں بھی مدد فراہم کریں گے۔وزیراعظم سے مولانافضل الرحمان کی قیادت میں دینی مدارس کے رہنماؤں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ حکومت نے اتحاد تنظیمات المدارس دینیہ کے مطالبات تسلیم کرلیے جس کے تحت حکومت مدارس کی رجسٹریشن کیلئے قانون میں ترمیم لانے پر آمادہ ہوگئی ہے۔مجوزہ ترمیم کے تحت رجسٹریشن ایکٹ میں سیکشن 21 کا اضافہ کیا جائے گا، اس ترمیم سے مدارس کی رجسٹریشن متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنرز کرسکیں گے۔
وزیراعظم نے وزارت قانون کو قانونی مسودہ جلد تیار کرنے کی ہدایت کردی جب کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن پر طاقتور اداروں کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق دینی مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے پر بھی غیراعلانیہ پابندی ختم کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں