حکومت کا ڈارک ویب پر حساس ڈیٹا لیک ہونے سے روکنے کیلئے مراسلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے ڈارک ویب پر حساس ڈیٹا لیک ہونے سے روکنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا۔ذرائع کے مطابق مراسلہ تمام صوبائی حکومتوں، وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو بھیج دیا گیا ہے۔مراسلے میں سفارش کی گئی ہے کہ ذاتی اور آفیشل معلومات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ڈارک ویب سورسز کو ایکسپلور کرنے سے گریز کیا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم نمبر سے آنے والی تصاویر اور لنک کو آگے نہ بھیجا جائے، بینک اکاؤنٹس، سوشل میڈیا، ای میل کی ٹو فیکٹر تصدیق لازمی کی جائے، ون ٹائم پاس ورڈ کسی بھی شخص کے ساتھ شیئر نہ کیا جائے۔
حکومت نے مراسلے میں کہا ہے کہ فون کالز پر ذاتی اور حساس معلومات شیئر نہ کی جائیں، ڈارک ویب دہشت گرد، مجرم، غیرریاستی عناصر جیسے مائنڈ سیٹ استعمال کرتے ہیں، ڈارک ویب کو کرپٹو کرنسی کے ذریعے ٹیرر فنانسنگ اور منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈارک ویب کو دہشت گردوں کی بھرتیوں اور تربیت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، ڈارک ویب کو بلیک میلنگ، ہیکنگ کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے، ان کو ذاتی اور اہم تقرریوں کی معلومات تک رسائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔