سینیٹر کامران مرتضیٰ کے دفتر میں ڈکیتی، مسلح ملزمان 53 ہزار روپے لوٹ کرفرار

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی جماعت جمیعت علمائے اسلام ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کے دفتر میں ڈکیتی کی واردات ہوگئی۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات میں پولیس ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ رات 4 مسلح ملزمان سینیٹر کامران مرتضی کے اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن تھری میں واقع دفتر میں داخل ہوئے ، اس دوران 2 ملزمان نے دفتر میں موجود افراد پراسلحہ تان کر انہیں یرغمال بنا لیا جب کہ دیگر 2 ملزمان نے نقدی چھینی اور مسلح ملزمان دفتر 53 ہزار روپے لوٹ کرفرار ہوگئے۔
ایس پی صدر زون نوشیروان کے مطابق ڈکیتی کے وقت سینیٹر کامران مرتضیٰ دفتر میں موجود نہیں تھے ، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
دوسری جانب کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کی ایم پی اے ڈاکٹر سیما ضیاء کے گھر کے باہر ڈلیوری بوائے کے ساتھ ڈکیتی کی واردات کی گئی ، مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر ڈاکٹر سیما ضیاء کا چوکیدار زخمی ہوگیا، جس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ، فائرنگ کا واقعہ گزشتہ رات ساؤتھ زون کے علاقے میں پیش آیا ، جہاں ڈاکٹر سیما ضیا کے گھر کے قریب ڈی آئی جی ساؤتھ کی رہائشگاہ بھی ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنماء خرم شیرزمان نے کہا کہ پولیس سڑکوں پر خانہ پوری اور اپنی جیبیں گرم کررہی ہے ، انہوں نے پولیس ناکوں کے باوجود جرائم میں اضافہ کی مذمت کی اور کہا کہ ڈی آئی جی ساؤتھ کے علاقے میں جرائم کی واردارتیں لمحہ فکریہ ہیں، شہر کا امن و امان برقرار رکھنا آئی جی سندھ کے بس میں نہیں ہے، آئی جی سندھ نے کراچی کو ڈکیتوں کے سپرد کردیا ہے۔