شہباز، زرداری، عمران ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہیں: سراج الحق


لاہور (قدرت روزنامہ)جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف 3 ایٹم بم شہباز شریف، آصف علی زرداری اور عمران خان استعمال ہو رہے ہیں، یہ تین آدمی پاکستان کے لیے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہیں۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے کیسز ختم ہو گئے اور پاکستانی کرنسی کاغذ کا ٹکڑا بن گئی، موقع ملا تو کرپٹ حکمرانوں کو اڈیالہ اور کوٹ لکھپت جیل میں ڈالیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ ڈار صاحب نے کہا تھا کہ ڈالر 200 سے نیچے لاؤں گا، ڈار صاحب ڈالر کو پر لگ گئے ہیں، تمام قومی اداروں کو ان لوگوں نے تباہ کیا۔امیرِ جماعت اسلامی نے کہا کہ آپ لوگ کما رہے ہیں اور کہتے ہیں قوم مزید بوجھ کے لیے تیار ہو جائے۔
سراج الحق نے کہا کہ مرغی کی قیمت میں اتنا اضافہ ہوا جس کا کبھی تصور نہیں کیا، وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ مرغی کا گوشت استعمال نہ کرو، ایل سی بند ہونے سے پولٹری کا کام کرنے والے رو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر کہتے ہیں 2 پیالی نہیں ایک پیالی چائے پر گزارا کر لو، آپ کے بچے سرکاری گاڑیوں میں عیش کرتے نظر آتے ہیں، ہماری تباہی و بربادی ان لوگوں کی وجہ سے ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ کسی حکمراں نے ڈاکٹر عافیہ کے متعلق آج تک بات نہیں کی، یہ وطن فروش پیسے لے کر اپنے شہری امریکا کے حوالے کرتے ہیں، یہ بزدل، جھکنے اور دبنے والے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹرائیکا ورلڈ بینک، آئی ایم ایف کی غلام اور سامراج کی ایجنٹ ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا ہے کہ لاہور ماحولیات کے لحاظ سے ایشیاء کا نہیں دنیا کا گندا ترین شہر بن گیا ہے۔امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ ہمیں موقع ملا تو سودی نظام ختم کر دیں گے، حکومت میں آئے تو آئی ایم ایف سے قرض لینے کی ضرورت نہیں ہوگی، کے پی حکومت پر 9 سو ارب روپے کا قرضہ ہے، موقع ملا تو عوام کی خدمت کروں گا۔
سراج الحق نے کہا کہ یہ ظالم لوگ ہیں ان کی بلیوں کی خوراک فرانس سے آتی ہے، ان کے لیے کتے بلیوں کی اہمیت ہے، عوام کی نہیں ہے۔