دیپیکا پڈوکون، عرفان خان سے کیوں خوفزدہ تھیں؟
ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے ورسٹائل اور معروف اداکار عرفان خان مرحوم کی گزشتہ روز 56 ویں سالگرہ تھی اور اپنی شاندار فنکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے وہ آج بھی لاکھوں دلوں میں زندہ ہیں۔اداکارہ دپیکا پڈوکون کا شمار بالی ووڈ کی مشہور اداکاراؤں میں ہوتا ہے، وہ ایک بار اس بات کی وجہ سے خوفزدہ ہوگئی تھیں کہ عرفان خان کہیں ان کے کمرشل ہیروئن ہونے کی وجہ سے ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار نہ کر دیں۔
اداکارہ نے اپنے اس خوف کے بارے میں 2015ء کے اپنے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا۔اُنہوں نے کہا تھا کہ میں نے سوچا کہ وہ ایک سخت طبیعت کےانسان اور اداکار ہوں گے، کیونکہ وہ ہرچیز ہی بہت سنجیدگی سے کرتے ہیں اور میڈیا پر بھی ان کے بارے میں اسی طرح کا تاثر قائم ہے۔
اُنہوں نے کہا تھا کہ مجھے لگا کہ وہ ایک سخت انسان ہوں گے، بات چیت نہیں کریں گے اور مجھے کمرشل ہیروئین سمجھ کر میرے ساتھ کام کرنے سے انکار نہ کر دیں لیکن میں نے ان کے ساتھ کام کرتے ہوئے اُنہیں اپنے خیالات کے بالکل برعکس پایا۔دیپیکا پڈوکون نے عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا تھا کہ وہ کافی مزاحیہ فطرت کے انسان تھے، ہم دونوں کے درمیان کافی مماثلت تھی، جیسے کہ وہ شرمیلے اور کم بولتے تھے لیکن جو بھی بات کرتے وہ بہت مضحکہ خیز ہوتی۔
اُنہوں یہ بھی کہا تھا کہ عرفان خان کی مزاح کی ٹائمنگ کافی نرالی ہے، ان کے عمدہ کام کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔واضح رہے کہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور عرفان خان نے 2015ء میں فلم ’پیکو‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔