محمد زبیر کا مریم نواز کو ن لیگ کا سینئر نائب صدر بنائے جانے کے فیصلے کا دفاع
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے مریم نواز کو پارٹی کا سینئر نائب صدر بنائے جانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی پذیرائی جس کے ساتھ ہوگی اسی کو عہدہ ملے گا۔محمد زبیر نے کہا کہ ن لیگ کو تنظیم نو کی ضرورت ہے، عوامی پذیرائی جس کے ساتھ ہوگی اسی کو عہدہ ملے گا۔
خیال رہے کہ مریم نواز کو ن لیگ کا سینئر نائب صدر اور پارٹی کا چیف آرگنائزر مقرر کیے جانے پر پارٹی میں دوسرے درجے کی تجربہ کار قیادت میں کچھ بے چینی پائی جاتی ہے۔
ن لیگ کے ذرائع نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ اس تقرری کے حوالے سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی اور اس تقرری سے مریم نواز پارٹی میں اپنے والد نواز شریف اور چچا شہباز شریف کے بعد تیسری طاقتور شخصیت بن گئی ہیں، ن لیگ کے کئی سینئر رہنما اس تقرری سے پریشان ہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نواز شریف نون لیگ میں کوئی عہدہ نہیں رکھ سکتے لیکن وہ بدستور پارٹی کے سرپرست اعلیٰ ہیں۔