پاکستان میں بحران کا ذمہ دار شخص صرف جنرل (ر) باجوہ ہیں،عمران خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ایک مرتبہ پھر سابق آرمی چیف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ملک میں جاری ’بحران‘ کا ذمہ دار جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو قرار دیا ہے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے خواتین کنونشن سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں وہ کون تھا جس کے فیصلے سے ملک میں بحران آیا، ہم آج جس جگہ کھڑے ہوئے ہیں اس میں جنرل (ر) باجوہ کا ہاتھ ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک تباہی کی طرف بھی جاسکتا ہے، ملک میں بحران پیدا ہونےوالا ہے 7 ماہ پہلے پیشگوئی کی تھی، آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا بحران ہے، شوکت ترین کو بھی جنرل (ر) باجوہ کے پاس بھیجا تھا،ان کو جاکر سمجھائیں۔
’ملک کو اس دلدل سے کوئی ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ نہیں نکال سکتا‘
انہوں نے کہا کہ 20 برس سے دو خاندان ایک دوسرے کو چور کہتے رہے اور ملک کو لوٹتے رہے، 90کی دہائی سے پاکستان ہمیشہ آگے تھا، پاکستان کی تاریخ میں ہم نے وہ کامیابی حاصل کی تھی جو کسی نے حاصل نہیں کی۔
عمران خان نے کہا کہ سب کو ملکر جدوجہد کر کے اس ملک کو نکالنا ہے، ہم ملک کو اس دلدل سے نکالنے کیلئے کام کر رہے ہیں، ملک کو اس دلدل سے کوئی ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ نہیں نکال سکتا۔
’خداکے واسطے کوئی پولیٹیکل انجینئرنگ نہ کریں‘
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اس ملک میں سب سے پہلے صاف شفاف انتخابات چاہتے ہیں، سارے اداروں کو کہہ رہا ہوں کہ پاکستان ہمارے ہاتھ سے نکل جائے گا، پاکستان اس طرف جارہاہے جہاں سری لنکا پہنچ گیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ 50سال میں سب سے زیادہ مہنگائی آج ہے اوربڑھتی جا رہی ہے، امپورٹڈ حکومت ملک کو تباہ کرنے کے ایجنڈے پر آئی ہے، ہم کسی سے مدد نہیں مانگ رہے، ہم صرف اس ملک میں جمہوریت چاہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خداکے واسطے کوئی پولیٹیکل انجینئرنگ نہ کریں، سب کو ملکر جدوجہد کر کے ملک کو اس دلدل سے نکالنا ہے، پاکستان کو اس دلدل سے نکالنے کیلئے ایک مضبوط حکومت کی ضرورت ہے۔
’پنجاب میں ن لیگ کو لانے کی کوشش کی جا رہی ہے‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اس دلدل سے نکالنے کیلئے ایک مضبوط حکومت کی ضرورت ہے، پنجاب میں ن لیگ کو لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ایم کیوایم میں دھڑے ہورہے ہیں جبکہ باپ پیپلزپارٹی میں شامل ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ20 برس سے دو خاندان ایک دوسرے کو چور کہتے رہے، ہماری جدوجہد پر پاکستان کے مستقبل کا انحصار ہے، ملک کو صرف تحریک انصاف بحران سے نکال سکتی ہے، پی ڈی ایم کی ساری ترقی اشتہاروں اور پروپیگنڈا میں ہوتی ہے۔