کراچی، حیدرآباد کا ہر پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیا جائے: علی زیدی
کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر علی زیدی نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد کا ہر پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیا جائے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا کہ 15 جنوری کو ہر صورت الیکشن ہوں گے، جنہوں نے امیدوار پورے نہیں کیے وہ چاہ رہے تھے کہ انتخابات ملتوی ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں آج بھی دعا کر رہا ہوں کہ یہ اکٹھے ہوں، ان کے اکٹھے ہونے سے ہمیں سیاسی فائدہ ہو گا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے 3 دن ممبر سازی مہم کی، کراچی والوں نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
علی زیدی نے کہا کہ ہم اسٹیبلشمنٹ سے کوئی فیور نہیں چاہتے، ہم چاہتے ہیں کہ وہ غیر جانبدار رہے، صرف اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ حالات کی خرابی کوئی افورڈ نہیں کر سکتا، پورے شہر میں بلاول اور سعید غنی کے پوسٹرز لگے ہوئے ہیں، اس وزیر کو تو انہوں نے بلدیات سے برطرف کیا تھا۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے مزید کہا کہ اگر آپ نے اسی منشیات فروش کو میئر متعارف کروانا ہے تو پی ٹی آئی کو جیت کی ایڈوانس مبارک باد۔علی زیدی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ایس 104 میں جا کر معلوم کر لیں کہ کون منشیات کے اڈے چلاتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ امن و سکون سے الیکشن ہوں۔