کوئی کسی خوش فہمی میں نہ رہے ہم عمران خان کے ساتھ ہیں: پرویز الٰہی


لاہور(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ کوئی کسی خوش فہمی میں نہ رہے ہم عمران خان کے ساتھ ہیں، غلط فہمیاں پیدا کرنے والے پہلے کی طرح ناکام رہیں گے۔پنجاب اسمبلی اجلاس سے قبل سپیکر سبطین خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے ملاقات کی، صوبائی وزراء راجہ بشارت اور میاں محمودالرشید بھی ملاقات میں موجود تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب میں اپوزیشن اقتدار کے خواب دیکھ رہی ہے، خوابوں میں گم اپوزیشن کے پاس نمبرز ہی پورے نہیں، پنجاب میں ن لیگ کو پہلے بھی مار پڑی آئندہ بھی انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، پراپیگنڈہ کرنے والی فیکٹری ن لیگ کے گھر لگی ہوئی ہے، پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔
چودھری پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ کوئی کسی خوش فہمی میں نہ رہے، ہم عمران خان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے ،غلط فہمیاں پیدا کرنے والے پہلے کی طرح ناکام رہیں گے، ن لیگ کے دعوے صرف ہوائی قلعے ہیں، وفاقی حکومت کی بدترین کارکردگی پر پورا ملک سراپا احتجاج ہے،وفاقی حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی سزا 22 کروڑ عوام بھگت رہے ہیں۔