وزیراعظم کاخطاب اہم ، ترقی پذیر ممالک کو کئی بحرانوں کا سامنا ہے: مریم اورنگزیب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جینیوا میں اپنے خطاب میں اہم پیغام دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں اہم پیغام دیا، پاکستان 16 ارب ڈالر میں سے پچاس فیصد خود برداشت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بحالی کی کوششوں میں عالمی تعاون کا خواہاں ہے، ہم ایک اہم موڑ پر کھڑے ہیں، ترقی پذیر ممالک کو کئی بحرانوں کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں جاری موسمیاتی تباہ کاریوں کے باعث ہونے والے نقصان کے ازالے اور مدد کیلئے منعقدہ کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے پاکستان کو16.3 بلین ڈالرز کی ضرورت ہے۔
کانفرنس سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون ، ترک صدر طیب اردوان اور دیگر سربراہان مملکت نے بھی خطاب کیا۔