کبریٰ خان کیخلاف مہم چلانے والے سوشل میڈیا اکائونٹس سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش


کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ ہائی کورٹ میں اداکارہ رابعہ اقبال عرف کبریٰ خان کی میجر (ر) عادل فاروق راجہ کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر سماعت ہوئی۔کبریٰ خان کے خلاف مہم چلانے والے سوشل میڈیا اکائونٹس سے متعلق ایف آئی اے نے رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ایف آئی اے نے رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ ادارے نے اداکارہ کی درخواست پر کارروائی شروع کردی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کبریٰ خان کے خلاف مہم چلانے والے تمام اکائونٹس بلاک کرنے کے لیے کیس کو پی ٹی اے میں بھیج دیا گیا ہے اور یوٹیوب، ٹوئٹر، انسٹا گرام سمیت دیگر اکائونٹس بلاک کرنے کا کہا گیا ہے۔عدالت نے درخواست گزار کو ایف آئی اے کی انکوائری میں تعاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کو 23 جنوری تک ملتوی کردیا۔
واضح رہے کہ وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یوٹیوبر اور سابق فوجی افسر نے میڈیا انڈسٹری کی چار اداکاراؤں کے خلاف جھوٹے الزامات لگا کر ان کی تذلیل کی، جھوٹے اور من گھڑت الزامات سے میری مؤکل اور دیگر اداکارائوں کی عزت اور وقار کو مجروح کیا گیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ یوٹیوبر عادل فاروق راجہ نے بعد میں ایک اور ویڈیو میں وضاحت کی اور اپنی گزشتہ ویڈیو میں دیے گئے اپنے مؤقف سے مکر گئے۔
اس دوران درخواست گزار سمیت اداکاراؤں کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، ہتک آمیز مواد کو ہٹانے کے لیے ایف آئی اے اور پی ٹی اے سے رابطہ کیا گیا ہے لیکن یوٹیوب کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔