ٹک ٹاک نے وائرل ’مِلک کریٹ چیلنج‘ پر پابندی عائد کر دی

لاہور (قدرت روزنامہ)معروف سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے ’مِلک کریٹ چیلنج’ کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کر دی۔ جیو نیوز کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں ٹک ٹاک پر ایک خطرناک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں پلاسٹک کے کریٹ ایک دوسرے کے اوپر رکھ کر اُس پر سے گزرنا ہوتا ہے۔سوشل میڈیا پر کافی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جس میں کوئی شخص ان کریٹس پر کامیابی سے کھڑا ہونے کا جشن منا رہا ہے تو کوئی منہ کے بَل گرتا نظر آرہا ہے۔طبی ماہرین نے بھی سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والے ’مِلک کریٹ چیلنج‘ کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اس سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا۔

اب ٹاک ٹاک نے بھی کریٹ چیلنج پر پابندی عائد کر دی ہے اور کمپنی ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹک ٹاک ہمیشہ خطرناک کاموں کو اُجاگر کرنے والے مواد کی مخالفت کرتا ہے۔ٹک ٹاک نے’مِلک کریٹ چیلنج’ ہیش ٹیگ کے ذریعے تلاش کے تمام نتائج کو بھی حذف کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مقابلے کی ویڈیوز بنانے والے صارفین کو گر کر چوٹ لگنے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔