پشاور(قدرت روزنامہ)وزیر خوراک خیبرپختون خوا عاطف خان کا کہنا ہے کہ کے پی کی ضرورت پوری ہونے تک آٹا افغانستان بھیجنے کی اجازت نہیں دیں گے . پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خوراک خیبر پختون خوا عاطف خان نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سبسڈائز آٹا اور گندم ان کے اپنے صوبے کے لیے ہے .
ان کا کہنا ہے کہ یوکرین سے ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن گندم کے 3 شپ آ رہے ہیں، انصاف فوڈ پروگرام بنایا، 10 لاکھ خاندانوں کو 2100 روپے دینے تھے لیکن وفاق کی جانب سے فنڈز روکنے سے فوڈ پروگرام رکا ہوا ہے . عاطف خان نے بتایا کہ پنجاب سے آٹا لانے والوں سے بھتہ وصولی کی اطلاع ملی ہے، اس حوالے سے پنجاب حکومت سے بات کی ہے اور کل بھی بات کروں گا، پنجاب کی اوپن مارکیٹ سے آٹا لینے پر پابندی نہیں، اگر ہے بھی تو بات کریں گے .
وزیرِ خوراک کے پی کا کہنا ہے کہ پنجاب کا سبسڈی والا آٹا وہاں کے عوام کا حق ہے، پنجاب کا سبسڈی والا آٹا یہاں آئے گا تو وہاں کے عوام کی حق تلفی ہے، غیر معیاری آٹے پر 10 ملز کے خلاف کارروائی کر کے گندم کا کوٹہ ختم کیا .
انہوں نے جنیوا کانفرنس سے ملنے والی امدادی رقم کے اعلان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ عموماً اعلان کے برعکس امداد کم ملتی ہے،اللّٰہ کرے 10 ارب ڈالرز پورے ہی ملیں، سیلاب سے متعلق امداد میں ہمارا جتنا حصہ بنتا ہے ہم وفاق سے اس کا مطالبہ کریں گے .
صوبائی وزیر کا مزید کہا کہ پی ڈی ایم مہنگائی مارچ بھول چکی ہے، پی ڈی ایم ڈرامے بازی کر رہی ہے، یہ لوگ صرف اپنے کیسز ختم کرنے کے لیے اقتدار میں آئے ہیں، گورنر پنجاب نے اعتماد کا ووٹ کا کہا ہے، معاملے پر عدالتی فیصلہ بھی موجود ہے، اب اگر پنجاب حکومت سمجھتی ہے کہ اعتماد کا ووٹ لینا ہے تو لیں گے . ان کا انتخابات کے حوالے سے یہ کہنا ہے کہ الیکشن ہوں گے تو مکمل مینڈیٹ والی حکومت ہو گی اور ملک میں استحکام ہو گا .