اعتماد کا ووٹ: وفاقی وزرا کی معاونت کیلئے آصف علی زرداری کی جلد لاہور آمد متوقع


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی چند روز میں لاہور آمد کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے حصول کے لیے وفاقی وزراء کی معاونت کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) رہنماؤں کا پاکستان مسلم لیگ (ق) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان توڑنے کے لیے بیک ڈور رابطوں سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ اعتماد کے ووٹ کی حکمت عملی سے متعلق ذرائع نے بتایا کہ بیک ڈور رابطوں میں اعتماد کے ووٹ کے موقع پر ارکان کو غیر حاضر رہنے کےلیے مختلف ترغیبات دی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی کو غیر حاضر رہنے کی صورت میں آئندہ پارٹی ٹکٹ دینے کی بھی پیشکش کی جائے گی۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے خواتین اور اقلیتی ارکان اسمبلی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔