فن و ثقافت شوبز

ابرار الحق کے پی ٹی آئی کنونشن میں طنزیہ انداز میں بے بی شارک کی ویڈیو وائرل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ابرار الحق نے پاکستان تحریک انصاف کی تین سالہ کارکردگی کے موقع پرمنعقدہ تقریب میں بچوں کی تربیت کے حوالے سے آج کل کی ماں کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔گلوکار وسیاستدان کی ویڈیو کل سے سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ڈائس پرآکربات کرنے والے پارٹی رہنما ابرارالحق نے بچوں کی پرورش میں غفلت برتنے کے حوالے سے طنزا کہا کہ جب ہم بچے تھے تو ہمیں اپنی ماں سے کمہ سننے کو ملتا تھا لیکن آج کے بچے کو ماں فون دے دیتی ہے اور اس پرلگاہوتا ہے بے بی شارک ڈو ڈو ڈوڈو، بے بی شارک۔ابرار کی جانب سے ترنم میں بچوں کا یہ مقبول گانا سنانے پر اولین صفوں میں بیٹھے پی ٹی آئی وزرا کی ہنسی بیساختہ تھی۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس وائرل ویڈیو کوسراہتے ہوئے ابرار کے خیالات سے مکمل اتفاق کیا۔ بیشتران کے مزاحِیہ انداز میں گانے سے لطف اندوز ہوئے۔کئی صارفین نے بچوں کی تربیت کے حوالے سے ماں کو موردالزام ٹھہرانے پر ناپسندیدگی ظاہر کی۔واضح رہے کہ بے بی شارک کی ویڈیو کو دنیا بھر میں 9 ارب سے زائد مرتبہ دیکھا گیا ہے اور اس طرح اس نے یوٹیوب پر دیکھی جانے والی تمام ویڈیوز کے ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔بچوں کے لیے گانے لکھنے والے جوناتھن رائٹ نے 2019 میں پنک فونگ پر یہ کہہ کر ہرجانے کا دعویٰکر دیا تھا کہ انہوں نے اس کمپنی کے لیے اس سے پہلے ملتا جلتا گانا لکھا تھا اور اس کے کاپی رائٹس ان کے پاس تھے۔