کراچی کو ایک بار پھر قبضہ مافیا کے سپرد کیا جا رہا ہے، حافظ نعیم الرحمٰن


کراچی (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ کراچی کا حق مارا جارہا ہے، شہر کو ایک بار پھر قبضہ مافیا کے سپرد کیا جا رہا ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہر کے وسائل پر قبضہ کیا ہے، ایک بار پھر شہر کو ماضی میں دھکیلا جا رہا ہے، ہر جگہ یہی بات ہو رہی ہے کہ الیکشن ہو رہے ہیں یا نہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ سب کو پتہ ہے کہ ہم نے اس شہر میں ہی رہنا ہے، سازشی عمل کے ذریعے کراچی پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، نیشنل ایکشن پلان میں فوج سمیت سب شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن کے پاس اختیار ہے وہ منشیات کے اڈے بند کروانے میں ناکام کیوں ہیں؟ اسٹریٹ کرائم سےصورتحال خراب ہے، لاہور سے آئے اسنوکر کھلاڑی کو لوٹ لیا گیا، ایک اور علاقے میں چائے کے ہوٹل پر بیٹھے لوگوں کو لوٹ لیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا ہے کہ کتنے لوگ تو بتاتے بھی نہیں کہ کون پولیس کے چکر میں پڑے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ رینجرز کو اختیارات دیے جائیں، مجرموں کو پکڑا جائے اور انفرااسٹرکچر بنایا جائے۔