لاہور(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پرویز الہیٰ کے پاس 186 ارکان نہیں وہ کسی صورت اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے . لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارے پاس 179 اراکین ہیں اور رن آف الیکشن میں ہم کامیاب ہو سکتے ہیں .
پرویز الہیٰ کے پاس 186 اراکان نہیں وہ کسی صورت میں اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے .
وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ معزز عدالت نے پرویز الہی کو ریلیف دیا جو پنجاب کے عوام کو بہت مہنگا پڑا . عدالت سے استدعا ہے کہ اس کیس کا جلد فیصلہ دے تاکہ اقلیتی حکومت عوام پر مسلط نہ رہے . وزیراعلیٰ کو بیس، بائیس دن ملے تھے انہوں نے روزانہ اربوں روپے کی کرپشن کی . ان کی ساری توجہ ماسٹرپلان کی منظوری پر رہی . عمران خان ملکی سیاست میں ایک ناسور ہے جس نے لوگوں کو بدتمیزی سکھائی . ضرورت اس بات کی ہے اس فتنہ کا خاتمہ کیا جائے .
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں لیکن سپریم کورٹ کا فیصلہ ان کے آڑے ہے . اب وہ اعتماد کا ووٹ نہ دے کر اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں . میں پنجاب حکومت واپس لے کر ہی اسلام آباد جاؤں گا .