اعتماد کا ووٹ لینے کیلیے ہمارے پاس 188 نمبرز پورے ہیں، فواد چوہدری کا دعویٰ


لاہور(قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا دعویٰ ہے کہ ہمارے پاس 188نمبرز پورے ہیں اس لیے اگر ہمیں عدالت نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ لیں تو حکم مانیں گے۔لاہور میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم فیصلے کے بعد اپیل میں بھی جا سکتے ہیں لیکن امید ہے اعتماد کا ووٹ لے کر اسمبلی توڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 71 فیصد لوگ کہتے ہیں نئے انتخابات ہونے چاہییں، پنجاب میں اسمبلی تحلیل ہوگی لہٰذا عام انتخابات کی طرف جائیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ دو لوگ شہباز شریف اور بلاول بھٹو پر کسی کا بھی اعتبار نہیں، شہباز شریف وزیراعظم بنے ہوئے ہیں لیکن صفر فیصد اعتماد ہے، اسٹیبلشمنٹ اپنی پالیسی تبدیل کرے۔ ہمارے عوام سے اچھے تعلقات ہیں اس لیے اسٹیبلشمنٹ کو ہم سے تعلقات اچھے کرنے پڑیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آرمی چیف کو کہیں گے ہمارے لوگوں کو نامعلوم نمبروں سے کالز آ رہی ہیں، سوال ہے کہ ادارے میں کون لوگ ہیں جنہوں نے آرمی چیف کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کالز کیں، عوام اور ادارے ایک پیج پر ہونے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کی جونیئر ٹیم لاہور آگئی ہے جنکی حالت پتلی ہے، 20 لوگوں نے عمران خان کو دھوکہ دیا تو کیا سیاست ختم ہوگئی؟ پانچ ایم پی ایز کو پانچ ارب 20 کروڑ کی آفر کی گئی۔فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز الہٰی کے پیچھے پی ٹی آئی کھڑی ہے، مونس الہٰی اور فیملی پر دباؤ کی مذمت کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب کو شرم آنی چاہیے، سندھ کا پیسہ ایم پی اے پر خرچ کر رہے ہیں، یہ پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے۔ سندھ کی عوام کے ساتھ جو کچھ کیا اب لوگ زرداری اور بلاول کا گھیراؤ کریں گے، لوکل گورنمنٹ کے لیے کراچی میں پیپلزپارٹی کو لوگ نہیں مل رہے۔