کراچی (قدرت روزنامہ)وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے ڈونرز کانفرنس سے متعلق بیانات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامیاب سفارت کاری کو بھیک مانگنے سے تشبیہ دینا ملک و قوم کی توہین کے مترادف ہے . ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ وزیر اعظم اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے وطن کے سیلاب متاثرین کے لیے ماحولیاتی انصاف کا مقدمہ اقوامِ عالم کے سامنے بہت کامیابی سے پیش کیا ہے .
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ کی حیثیت سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی باوقار سفارتکاری کی دنیا معترف ہے، تدبر، فراست اور اپنا کیس بہادری سے پیش کرنے کی وراثت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خون میں ہے . انہوں نے کہا کہ قومی قیادت اور بالخصوص چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں اور محنت سے پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی ہے، عمران خان جیسے لوگ ان کے وقار اور معیار کی پرکھ سے عاری ہیں .
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ جنیوا کانفرنس حکومت پاکستان اور دنیا کی سب بڑی آرگنائزیشن اقوام متحدہ کی مشترکہ میزبانی میں منعقد کی گئی جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل موجود رہے، کانفرنس میں آئی ایم ایف، اسلامی ترقیاتی بینک، یورپی یونین، عالمی بینک، یو ایس ایڈ، ایشین ڈویلپمنٹ بینک، ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سمیت عالمی اداروں کے سربراہان اور اعلیٰ سطحی نمائندگان نے شرکت کی .
وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ عالمی برادری کا ہمیں شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ انہوں نے پاکستان کی کال پر انتہائی مثبت انداز میں جواب دیا ہے، خان صاحب کب تک آپ اور آپ کی جماعت پاکستان کے ایجنڈے اور مفادات کے خلاف سازشیں کرتے رہیں گے .
ان کا مزید کہنا ہے کہ خان صاحب کب تک آپ سیلاب متاثرین کے ساتھ دشمنی کرتے رہیں گے؟ سخت سردی کے موسم میں لاکھوں خاندان امداد کے منتظر ہیں، متاثرہ معصوم خاندانوں نے آخر آپ کا بگاڑا کیا ہے؟شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ خان صاحب آپ کیوں پاکستان میں عالمی امداد کو بار بار روکنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں، عمران خان نے اپنی پوری زندگی چندے اور خیرات کے ٹکڑوں پر گزاری ہے .