عمران خان نے پی ڈی ایم کو چاروں شانے چت کردیا ہے، شیخ رشید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے پی ڈی ایم کو چاروں شانے چت کردیا ہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے اسمبلیوں کے تحلیل کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔


انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے بعد اب کے پی کے اسمبلی بھی تحلیل ہوگی، سندھ اسمبلی سے بھی نکلیں گے اُس کے بعد قومی اسمبلی کی باری آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ پورس کا ہاتھی ثابت ہوا ہے جو صرف بڑھکیں مارسکتا ہے۔
اس حوالے سے اپنے ایک اور پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ وزیر داخلہ نے تختہ لاہور لے کر آنا تھا وہ ن لیگ کا تابوت لے کر واپس آئے اب ان کو سمجھ آجانی چاہیے کہ عمران خان کو سیاست آتی ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی سیاست کو اُن کے شہر لاہور میں دفن کردیا گیا ہے اور عنقریب انتخابی مہم زخمی حالت میں شروع کریں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 4 بلین سے کچھ زیادہ صرف ذخائر رہ گئے ہیں جبکہ سینکڑوں آپریشن اسپتالوں میں دوائی نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی ہورہے ہیں۔