سندھ حکومت اب بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہیں روک سکتی، شرجیل میمن
کراچی (قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ انتخابات رکوانے کیلئے کوئی آرڈیننس نہیں لایا جا رہا، سندھ حکومت اب بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہیں روک سکتی۔سینئر صحافی اور تجزیہ کار مظہر عباس سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات اب 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ فوج نے پولنگ اسٹیشنوں پر اہلکار تعینات کرنے سے منع کردیا ہے، پولیس اور رینجرز پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ شب سندھ حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم کے مطالبات کو منظور کرتے ہوئے 15 جنوری کو کراچی، حیدر آباد اور دادو میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے اور حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے: الیکشن کمیشن
آج الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی اور کہا کہ سندھ کے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اہم اجلاس قرار دیا گیا کہ کراچی ڈویژن، حیدر آباد اور دیگر اضلاع میں انتخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔الیکشن کمیشن نے درخواست کی کہ وفاقی وزارتِ داخلہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی یقینی بنائے۔