امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے ووٹ ڈال دیا


کراچی (قدرت روزنامہ)جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے ایلیمنٹری گورنمنٹ گرلز اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کر دیا۔امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن یوسی 8 نارتھ ناظم آباد ٹاؤن سے چیئرمین کے امیدوار ہیں۔
اس موقع پر پولنگ اسٹیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے بھاگ گئے، انہوں نے مہاجروں کے لیے کچھ کیا ہوتا تو بائیکاٹ نہ کرتے۔ان کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے الیکشن سے راہِ فرار اختیار کی ہے ، ان میں جان ہوتی تو بائیکاٹ نہ کرتے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے کہ وہ عملے کو پولنگ اسٹیشن پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ گارڈز کی مخالفت کی تھی، ایف سی، پولیس اور فوج کو پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہونا چاہیے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، قانون نافذ کرنے والوں کو سراہتا ہوں، بعض مقامات پر سازش کے تحت کیمپوں کو جلایا گیا، عوام کیمپ جلانے والوں کو پولنگ کے ذریعے بھرپور جواب دے رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی دشمن عناصر بےنقاب ہو رہے ہیں، رات ڈیڑھ بجے تک کوشش کی گئی کہ بلدیاتی انتخابات نہ ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال کی کشمکش کے بعد یہ بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں، جہاں پولنگ وقت پر شروع نہ ہوسکی وہاں پولنگ کا وقت بڑھایا جائے۔واضح رہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے، صبح 8 بجے شروع ہونے والا ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔