ہمیں بہت تھریٹ ہیں، لیکن حالات قابو میں ہیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن
کراچی (قدرت روزنامہ)سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کا کہنا ہے کہ ہمیں بہت تھریٹ ہیں، لیکن تمام اداروں کے تعاون سے حالات قابو میں ہیں۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے ہمراہ چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت اور سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے مختلف پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات بہترین ہیں، تمام اداروں نے مدد اور تعاون کیا۔عمر حمید کا کہنا ہے کہ عوام اور پریس کے تعاون سے امید ہے سنسنی نہیں پھیلے گی، اتوار ہے اس لیے ٹرن آؤٹ کم ہے۔سیکریٹری الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ 65 ہزار پولیس اہلکار ہیں، اندرون سندھ سے بھی اہلکار آئے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے۔صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گزشتہ روز ہی تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے۔