کرسی کو خطرہ ضروری نہیں صرف ایم کیو ایم سے ہی ہو، فاروق ستار


کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کرسی کو تو ہر وقت خطرہ ہے، ضروری نہیں خطرہ ایم کیو ایم سے ہی ہو۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ ملک جس نہج پر ہے، سیاسی جماعتوں کو آگے بڑھ کر سیاسی بحران ختم کرنا چاہیے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ ملک کو آگے کیسے بڑھانا ہے، انتخابات ہونے ہیں تو کب ہونے ہیں؟ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہوگئی ہے، خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہونے والی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ الیکشن سر پر ہیں، آج نہیں تو کل ہونے ہیں، آگے کے لائحہ عمل پر قومی مشاورت اس وقت نہیں ہوگی تو کب ہوگی؟
فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ کرسی کو تو ہر وقت خطرہ ہے، ضروری نہیں ایم کیو ایم سے ہو، سب کو دیکھنا ہے کہ آگے ملک کو کیسے چلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 11 جنوری کو ہی میں نے کہہ دیا تھا کہ بائیکاٹ اور وفاقی حکومت کو چھوڑنے کا آپشن رکھنا چاہیے۔ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی میں 100 فیصد لوگوں کی رائے تھی کہ الیکشن نہیں لڑنا چاہیے، اگلے انتخابات میں ایم کیو ایم بھرپور حصہ لے گی۔