الیکشن کمیشن دھاندلی میں براہ راست ملوث ہے، علی زیدی


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی نے الیکشن کمیشن پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن دھاندلی میں براہ راست ملوث ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ اگر مجھ پر توہین الیکشن کمیشن لگاتے ہو تو بسم اللّٰہ کرو، دھاندلی کے باوجود تحریک انصاف بہت سی نشستوں پر کامیاب ہوئی۔
علی زیدی کا کہنا ہے کہ بلاول تم بھی کرپٹ ہو، تم کرپشن میں ملوث ہو، پیپلز پارٹی گڑھی خدا بخش میں دفن ہو گئی، یہ زرداری مافیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل انجینئرنگ کر کے پیپلز پارٹی کو جتوانے کی کوشش کی جا رہی ہے، چیئرمین تحریک انصاف کہتے ہیں الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کی جماعت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ کل پورا دن جو ہوا وہ سب نے میڈیا پر دیکھا، رابستان خان، عدیل احمد دھاندلی روک رہے تھے انہیں پولیس نے گرفتار کر لیا، کل دوپہر پاکستان کے تمام اینکرز نے امجد آفریدی کی ویڈیو ٹوئٹ کی، وہ دھاندلی دکھا رہے تھے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ رات میں امجد آفریدی اور ان کے بھائی کو مارا گیا، ان سب کے ذمے دار کون ہیں؟ یہاں بدمعاشوں کا ٹولہ حکومت کر رہا ہے، فہیم خان، راجہ اظہر کے پیچھے پولیس لگائی ہوئی ہے۔علی زیدی نے یہ بھی کہا کہ اس کانفرنس کے بعد شاید میرے پیچھے بھی پولیس لگ جائے، ہم سادہ الفاظ میں شفاف الیکشن مانگ رہے ہیں، کیا پاکستانی ہونے کے ناطے ہمارا حق نہیں ہے کہ ہمیں فیئر الیکشن ملیں۔