چند ہفتوں میں سیاست میں ہمہ گیر تبدیلیاں آسکتی ہیں، شیخ رشید


لاہور (قدرت روزنامہ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چند ہفتوں میں سیاست میں ہمہ گیر تبدیلیاں آسکتی ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ پر پہنچ چکا ہے اور حکمرانوں کو اپنی عیاشیوں سے فرصت نہیں ہے، غریب کی فاقہ کشی حکمرانوں کی موج مستی ملک میں تصادم کرائے گی۔


انہوں نے کہا کہ چند ہفتوں میں سیاست میں ہمہ گیر تبدیلیاں آسکتی ہیں، 13 سیاسی جماعتوں کا بھان متی کا کنبہ اپنی سیاسی موت مررہا ہے اور یہ پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔
جو کہتے تھے عمران خان کو سیاست نہیں آتی انکو عقل آجانی چاہیے
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف پر عدم اعتماد بھی آسکتی ہے اپریل تک الیکشن شیڈول بھی آسکتا ہے، جو کہتے تھے عمران خان کو سیاست نہیں آتی انکو عقل آجانی چاہیے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ میں چار دنوں کے لئے یو کے آیا ہوں، لندن اور مانچسٹر میں پاکستانیوں سے ملاقات کروں گا، یہاں سارے پاکستانیوں کو سپریم کورٹ سے توقع ہے کہ جلد اورسیز کو ووٹ کا حق ملے گا۔
چند ہفتوں میں موجودہ مسائل کا کوئی سیاسی حل نکالنا ہوگا
گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ چند ہفتوں میں موجودہ مسائل کا کوئی سیاسی حل نکالنا ہوگا ورنہ لوگ سڑکوں پر نکلنے کیلئے مجبور ہونگے۔شیخ رشید نے کہا ہے کہ ن لیگ ایسا سیاسی جہاز ہے جو ڈوبنے کے قریب ہے اور جس کا کوئی کپتان نہیں ہے جبکہ ان کے بہت سے پرندے اڑان بھرنے کے لیے تیار ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ کتنے اڑان بھرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف عدم اعتماد کوئی مسئلہ نہیں رہا ہے، یہ 13 سیاسی جماعتوں کی سیاسی تاش بکھر چکی ہے اور ان کے ہاتھ کچھ نہیں آنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے جتنے مسائل ہیں اتنے لوگ ووٹ ڈالنے نہیں نکلے جو اس نظام اورانتظامیہ پرعدم اعتماد کا اظہار ہے جبکہ آئی ایم ایف کی شرائط بھی کھٹائی میں ہے اور دنیا کی امداد بھی انتظار میں ہے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اؤنٹ ڈاؤن شروع 15 اپریل تک جنرل الیکشن شیڈول بھی آجائے گا، عمران خان نے سیاست کا انداز بدل دیا ہے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ کے بیان کے بعد فارن کمرشل اکاؤنٹ بھی لوگوں نے خالی کرنا شروع کردیے ہیں، ایک طرف آٹے کی لائن ہوگی اور دوسری طرف بینک کے شٹر ڈاؤن ہوں گے۔