الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت نے پری پول دھاندلی کی،وسیم اختر


کراچی (قدرت روزنامہ)سابق میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت نے پری پول دھاندلی کی ہے۔کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ عوام نے انہیں مستردکیا ووٹ ڈالنےنہیں نکلے۔ اس بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن ناکام ہوا ہے۔ جہاں ان کے ووٹ نہیں تھے وہاں الیکشن عملے کو تاخیر سے بھیجا۔
سابق میئرکراچی وسیم اختر نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کوسیاہ دھبےکی حیثیت سے یاد رکھا جائےگا۔ کراچی اورحیدرآباد کی عوام کی پیٹھ پرچھراگھونپا گیا، الیکشن کمیشن نےکراچی کےعوام کی خواہش کی دھجیاں بکھیر دیں، لوگ گلیوں میں بیلٹ پیپر پر مہریں لگا رہے تھے۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ سے کراچی اورحیدرآباد پرقابض ہونےکی کوشش کی گئی، ٹرن آؤٹ کو بڑھانےکےلیے نتائج میں تاخیرکی گئی، سندھ حکومت اورالیکشن کمیشن نےمل کرحلقہ بندیوں میں ردوبدل کیا۔ ٹرن آؤٹ بڑھانےکےلیےپوسٹ ریگنگ کی گئی۔
انھوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اس الیکشن کا مذاق اڑایاجارہا ہے۔ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت نے پری پول دھاندلی کی۔ آئین کے تحت الیکشن کمیشن صاف شفاف الیکشن کرانےکاپابندہے۔ ایم کیوایم کا کراچی میں مینڈیٹ ہے، حکومت نے ڈھائی سال بعد بھونڈا الیکشن کرایا۔وسیم اخترکا کہنا ہے کہ کئی جگہوں پرکہا کہ حلقہ بندیوں میں خامیاں ہیں، کراچی اورحیدرآباد کا بلدیاتی الیکشن یاد رکھا جائےگا۔ جس کا خدشہ تھاوہ 15جنوری کو سب کے سامنے آگیا، ہم نے کئی بار کہا کہ حلقہ بندیاں صحیح نہیں کی گئیں۔